جعلی اکاﺅنٹس کیس منتقل کر کے سپریم کورٹ نے ہم پر اعتماد کیا : چیئرمین نیب

Jan 24, 2019

لاہور (سٹاف رپورٹر) احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، ملکی تاریخ کے سب سے بڑے جعلی اکاﺅنٹس کیس کی تحقیقات کا قانون کے مطابق آغاز کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب لاہور بیورو کے دورہ کے موقع پر تفتیشی افسروں اور پراسیکیوٹرز سے خطاب میں کیا۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب کو میگا کرپشن مقدمات میں اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تفتیشی افسروں و پراسیکیوٹرز سے خطاب میں کہا کہ نیب آئین اور قانون کے مطابق فرائض سرانجام دے رہا ہے، نیب تفتیشی افسران بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ نیب کا مقصد بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت کی برآمدگی اور اسے قومی خزانے میں جمع کروانا جبکہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہے۔ نیب ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر یقین رکھتا ہے اور نیب حوالات میں ملزمان کو جیل مینول سے زائد سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، نیب کسی قسم کے تشدد پر یقین نہیں رکھتا وائٹ کالر کرائمز میں تحقیقات قانون کے مطابق ٹھوس شواہد پر مبنی ہوتی ہیں جن کے لیے نیب کے تفتیشی افسران کو باقاعدہ کورسز کروائے جاتے ہیں۔ جہاں قانون کے مطابق کیس بنتا ہوگا وہاں کسی خوف اور دباﺅ کی پرواہ کیے بغیر میرٹ پر کیس بنائینگے اور جہاں کیس نہیں بنتا اسے قانون کے مطابق بند کر دینگے۔ جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب کے ہر ریجن میں علیحدہ طور پر شکایت سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر شکایت کنندگان کی شکایات 2سے 3بجے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ ڑائریکٹر اور ان کا سٹاف سنے گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ جعلی اکاﺅنٹس کیس کی نیب کو منتقلی معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے نیب پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
چیئرمین نیب

مزیدخبریں