لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)سابق اولمپیئن سلیم ناظم نے کہا ہے کہ عالمی ہاکی کپ میں شریک ٹیم کے 12 کھلاڑیوں کے تاریک مستقبل کی ذمہ دار پی ایچ ایف ہے، 3 سالہ ناقص کارکردگی کا ذمہ دار حکومت اور کھلاڑیوں کو قرار دینا زیادتی ہے، سیکرٹری ہاکی فیڈریشن سے قبل صدر ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر کو مستعفی ہوجانا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ ارباب اختیار محض لالچ کی خاطر عہدوں سے چمٹے ہوئے ہیں۔ ناقص حکمت عملی، ناقص منصوبہ بندی اور ناقص کارکردگی کے باوجود فیڈریشن کے اعلیٰ عہدیداران شتر مرغ کی مانند اپنا سر ریت میں دبائے کھڑے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ سیکرٹری ہاکی فیڈریشن سے قبل صدر ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر کر مستعفی ہوجانا چاہیئے تھا۔ پیٹرن ان چیف پاکستان ہاکی فیڈریشن وزیراعظم پاکستان عمران احمد خان نیازی کی جانب سے اعلان کردہ فرانزک آڈٹ میں بھی کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی۔ حیران ہوں کہ 29 دسمبر سے مستعفی ہونے والے سیکرٹری فیڈریشن کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹس کون چلا رہا ہے اور کیسے چلا رہا ہے۔ 27 جنوری کو ٹیم کی روانگی پر حکومت سے گرانٹ کا کیاجواز ہے؟ ملک بھر کی سپورٹس فیڈریشن میں صرف ہاکی فیڈریشن کی حکومت سے اضافی گرانٹ کا مطالبہ کرتی ہے جبکہ کارکردگی شرمناک ہے۔