اسلا م آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں موجود مختلف ممالک کے سفارت خانوں میں تعینات اتاشیوں اور ان کی بیگمات نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور اور مختلف ممالک کے پاکستان کیساتھ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسایہ ممالک سمیت تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات قائم کرنے پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے اور سرمایہ کاروں کے سرمائے کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان میں دلکش قدرتی مناظر والے سیاحتی مقامات اور دنیا کے بلند ترین پہاڑی سلسلے موجود ہیں جن میں بیرونی سیاحوں کے لیے دلچسپی کا سامان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دہشت گردی کے ناسور پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے سفارتکار وں سے کہا کہ وہ اپنے ممالک میں پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔