لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے سانحہ ساہیوال پر انصاف کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا اور 72 گھنٹے میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے اعلان پر عمل کرکے دکھایا ہے۔ نئے پاکستان میں قانون سے تجاوز کرنے والوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں۔ حکومت پنجاب انصاف کے وعدے کے ساتھ کھڑی ہے اور جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ کے تناظر میں فیصلے کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ قانون کی بالادستی عمران خان کی حکومت کا پہلے دن سے وعدہ ہے اور صوبے میں قانون اور انصاف کی عملداری یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے کیونکہ قانون، میرٹ اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہماری ترجیح ہے۔ عثمان بزدار سے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں، آزاد کشمیر او رگلگت بلتستان پر مشتمل وسائل کی دولت سے مالامال ملک ہے۔ ملک کی تمام اکائیاں مل کر ترقی کریں گی تو پاکستان ترقی کرے گا ۔ وطن عزیز کوآگے لے جانے کے لئے سب کو اکٹھے چلنا ہوگا اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی پاکستان ا پنی منزل حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر عمل پیرا ہے۔