لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل متنازعہ اور مشکوک ہو چکا ہے۔ نیب کے طرزعمل پر کئی سوالیہ نشان لگ چکے ہیں۔ اپوزیشن کا اتحاد حکومت گرانے نہیں جمہوریت بچانے کے لئے ہے۔ عناد اور مفاد کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ جمہوریت کے خلاف نئی سازشیں شروع ہو چکی ہیں۔ موجودہ نااہل حکومت کا آئینی مدت پوری کرنا ناممکن نظر آتا ہے۔ حکومت کے ناراض اتحادی کسی وقت بھی حکومت گرا سکتے ہیں۔ اپوزیشن کے اتحاد سے حکومت پر گھبراہٹ طاری ہے۔ احتساب کے نام پر بدترین انتقامی سیاست کی جا رہی ہے۔ ثاقب نثار متنازعہ ترین چیف جسٹس کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔ نئے چیف جسٹس عدالتی نظام کی خامیاں دور کرنے پر توجہ دیں۔ پانچ مہینوں میں ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک چلانے کی صلاحیت اور اہلیت سے محروم ہے۔ موجودہ حکومت کے پانچ مہینوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 77 فیصد کمی ہوئی ہے۔