کشمیری نوجوان اپنے گرم لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کر رہے ہیں: سیدعلی گیلانی

Jan 24, 2019 | 17:28

ویب ڈیسک

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر ی نوجوان اپنے گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کر رہے ہیں اور جس قوم کے نوجوان سینہ سپر ہوکر ظالم اور جابر کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار ہوں دنیا کی کوئی طاقت اُسے زیر نہیں کرسکتی۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق سید علی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان شمس الحق کی نماز جنازہ کے شرکا ءسے سوگن شوپیان میں ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکے مقدس لہو کو ہرگز رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کشمیریوں سے مقبوضہ علاقے میں آئندہ ہونے والے بھارتی پارلیمانی اور نام نہاد اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ بھارت نواز سیاست دان بجلی، پانی ، سڑک اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے نام پر عوام کے پاس ووٹ لینے کےلئے آتے ہیں لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد بھارت کے جابرانہ قبضے کومضبوط بنانے اور اپنے ہی لوگوں کا خون بہانے کا کام کرتے ہیں۔ سید علی گیلانی کہا کہ کشمیری سیاسی ، اقتصادی اور اسطرح کی دیگر مراعات کے نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کےلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھارت کی جبری اور ظاملانہ غلامی سے ضرور آزادی عطا فرمائے گا۔ دریں اثنا تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع بارہمولہ کے علاقے بینر میں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند طریقے سے نہتے کشمیر یوں کا قتل عام مسلسل جاری رکھے ہوئے جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے ان کے خلاف ایک باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک مقدس اورعظیم جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارت قتل وغارت اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کے ذریعے ان کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتا۔

مزیدخبریں