ریاض(این این آئی)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ مملکت کے ایران کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔ تنازعات کی وجہ خود ایران ہے۔ جب تک ایران اپنی روش تبدیل نہیں کرتا کسی قسم کی بات چیت مْفید نہیں ہو سکتی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیان میں سعودی وزیر خارجہ نے ایران پرواضح کیا کہ تہران کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات کی کسی شرط کی آڑ میں خطے میں اپنے ایجنڈے کوآگے نہیں بڑھا سکتا۔ہمیں خوشی ہے کہ خطے میں ایران کے ساتھ محاذ آرائی نے مزید شدت اختیار نہیں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کی پیش کش کی ہے۔دوسری جانب ایران نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب سے معاملات حل کرنے کا خواہشمند ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر کے چیف آف اسٹاف محمود واعظی نے ایک بیان میں کہا ایران اور سعودی عرب کو مل کر مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ واعظی نے کہا کہ ایران اور ہمسایہ ملک سعودی عرب کے مابین تعلقات امریکا جیسے نہیں ہونے چاہئیں۔