حمزہ شہباز کھڑکیاں دروازے کھولنے کی باتیں سوچ سمجھ کر کریں: فیاض چوہان

Jan 24, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے حمزہ شہباز ن لیگ کی کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کی باتیں سوچ سمجھ کر کریں۔ کھڑکیاں دروازے کھولنے سے ن لیگ کے ایم پی ایز شریف برادران کو اکیلا چھوڑ کر پنجاب اسمبلی سے باہر نکل جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات نے حمزہ شہباز کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے جواب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز آٹے کے مصنوعی بحران پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے سے پہلے اپنی یادداشت تازہ کر لیں کہ 1998ء اور 2008ء میں ن لیگ کے دور حکومت میں عوام آٹے کی شکل دیکھنے کو بھی ترس گئے۔ آج آٹا ہر جگہ وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا طعنہ دینے والے حمزہ شہباز شاید بین الاقوامی جریدے ڈیلی ٹائمز کے ڈیوڈ روز کو بھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز ’’اوروں کو نصیحت خود میاں فضیحت‘‘ کی پالیسی پر چل رہے ہیں۔

مزیدخبریں