تحریر: ایس اے حکیم القادری
بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن سے ملکر زندگی کی گرہیں کھلتی ہیںاور نگاہیں ان کی روحانیت کے نور سے سیراب ہوتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ تم میں ایک جماعت ایسی ہونی چاہیے جو کہ لوگوں کو نیکی کی طرف بلائے اور برائی سے روکے۔ آج سے تقریباً ایک سو ستاسٹھ سال قبل امام الوقت فنافی الشیخ، فنافی الرسول خواجہ خواجگان حضرت پیر سیّد محمود شاہ محدث ہزاروی کاظمی اس دنیا فانی میں تشریف لائے۔ جن کی تحریک فروعِ توحید و سنت کا پرچار اندرونِ ملک میں ہی نہیں بلکہ سارے عالم میں سناجا رہا ہے۔ان کی خانقاہ شریف راولپنڈی سے ایبٹ آباد جاتے ہوئے حویلیاں ریلوے اسٹیشن کے قریب لوگوں کے لئے ہدایت کا مرکز ہے جہاں ہر وقت ذکراسمِ پاک و کلمہ طیبہ کا ورد کرنے والوں کی روح پرورمحفل جمی رہتی ہے۔ آپ کے والد گرامی کو آپ کی ولادت سے قبل بشارت ہوئی تھی کہ بیٹا وحید العصر ہو گا۔ پیر سیّد محمود شاہ محدث ہزاروی ؒ دو شنبہ ماہ شعبان المعظم ۱۲۹۳ھ بمطابق ۱۸۷۲ء کو موضع سوھلن علاقہ تناول ضلع ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے جبکہ آپ کے والد سیّد محبوب علی شاہ ۱۹۰۱ء موضع سوحلن سے ہجرت کر کے حویلیاں تشریف لے آئے۔جہاں انہوں نے ٹیرہ میرہ محبوب آباد شریف میں زمین خرید کر مدرسہ اور مسجد کی بنیاد رکھی۔
آپ کا خاندان زمانہ قدیم سے علوم شریعت و طریقت کی تدریس و ترویج کے سلسلہ میں مشہور و معروف ہے۔ آپ نے ابتداء سے تا دورہ حدیث تمام ضروری علوم اپنے والد ِمحترم و برادرِ محترم ابو نعیم سیّد عبدالقاضی حاصل کئے اور سند فراغت حاصل کی۔اس کے بعد دارالعلوم حزب الاحناف میں حضرت پیر دیدار علی شاہ سے مزید تعلیم حاصل کرنے کے لاہور چلے گئے اور وہاں سے سند تکمیل حاصل کی۔ بعد ازاں حزب الاحناف مراد آباد میں حضرت مولانا نعیم الدین سے فقہ و حدیث میں عبور حاصل کیا۔ پھر جامعہ مظاھر العلوم سہارن پور میں بھی زیرِ تعلیم رہے۔رام پور میں مولانا عبدالصمدرام پوری تاشقندی سے بھی علوم دینیہ حاصل کرتے رہے اور حضرت مولانا محمد اسمٰعیل کوکلوی سے بھی استفادہ حاصل کیا۔حصولِ علم کے بعد والد گرامی سے سلسلہ چشتیہ قادریہ میں خلافت پائی جبکہ برادر ابو نعیم سیّد عبدالقاضی سلسلہ قادریہ میں خلافت پائی۔۱۹۳۸ء میں عرس مبارک بابا جی فقیر محمد چوراہی کے موقع پر بابا جی کے پوتے حضرت محمد شفیع نے محدث ہزاروی کو دستارِخلافت نقشبندیہ بندھائی۔
آپ نے متعدد مرتبہ حج کی سعادت حاصل کی۔۱۹۷۱ء میں سفرِ حج کے دوران آپ نے بغداد شریف میں بھی حاضری دی اور غوث الاعظم کے دربارِ اقدس میں سترہ روز قیام فرمایا۔ جہاں شب و روز درس ِقرآن و بیعت و طریقت کا سلسلہ جاری رہا۔حضرت محدث ہزاروی زائرین کے ہمراہ حضور غوث الاعظم سیّد عبدالقادر جیلانی ؒ کے روضہ اقدس پر فاتخہ خوانی کے لئے حاضر ہوئے۔ بغداد شریف میں ہی قیام کے دوران امامِ اعظم ابو حنیفہ ؒ کے رو ضہء اقدس پرحاضری دی پھر حضرت معروف کرخیؒ کے روضہ مبارک پر حاضر ہوئے۔
تحریک پاکستان میں آپ کی قومی اور ملی خدمات تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ آپ نے قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ حصولِ پاکستان کے لئے بھرپور کام کیا۔تقسیمِ ہند کے وقت صوبہ سرحد میں پاکستان کے ساتھ الحاق کے ریفرنڈم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آپ کے سینے میں انتہائی دردمند دل تھا۔ آپ کی طریقت کے اُجالے ارض وپاک سے لیکر دیارِ مغرب تک پھیلنے لگے۔ آپ نے لاتعداد کتابیں لکھیں۔ تحریک پاکستان میں محدث علی پوری پیر سیّد جماعت علی شاہ سے ملکر قرآنِ کریم کا ترجمہ تحریر فرمایا۔آپ تصوف اور طریقت کی عظیم اور مکمل تاریخ ہیں۔ خواجہ خواجگان حضرت پیر سیّد محمود شاہ محدث ہزارویؒ ایک سو بیس سال سے زائد عرصہ اس دنیا فانی میں لاکھوں افراد کو روشنی دیکر آخرکار ۲۵ دسمبر ۱۹۹۲ء بروز جمعتہ المبارک نمازِ فجر کے بعد سجدہ کی حالت میں رحلت فرما گئے۔
آپؒ کے وصال کی خبر ملک بھر میں عام و ہمہ گیر ہوئی تو حکومت پاکستان کے شعبہ نشرواشاعت نے فوری طور پر پاکستان ٹیلی ویژن اورریڈیو اور ملک بھر کے قومی اخبارات میں آپؒ کے وصال کی خبر کی تشہیر ہوئی تو ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند جوق در جوق دیدار کے لئے دوڑ پڑے اور صبح ہونے تک ہزاورں لوگ جمع ہو چکے تھے۔ نمازِجنازہ کے لئے جگہ بلدیہ حویلیاں شریف کی گراؤنڈ منتخب کی گئی۔ اور سہ پہر تین بجے نمازِ جنازہ لاکھوں سوگواروں کی موجودگی میں بلدیہ حویلیاں کی گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ آپ کی وصیت کے مطابق صاحبزادہ سیّد محی الدین محبوب نے پڑھائی۔نمازِ جنازہ کے بعد آپ کو خانقاہ محبوب آباد شریف حویلیاں ضلع ایبٹ آباد میں آپؒ کے والدِ گرامی کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
آپ ؒکی یاد میںزیرِ سرپرستی خلیفہ مجاز صوبیدار(ر) الحاج فضل داد قادری محمودی، خلیفہ مجازحافظ خادم محمود حنفی قادری محمودی ستائسواں عرسِ مبارک و جلسہ دستارِ فضیلت جامعہ حنفیہ قادریہ محمودیہ بنگیال نزد وٹالیاں ضلع جہلم میں نمازِ ظہر تا مغرب نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ حصوصی آمد و خطاب مفکرِ اسلام پیر سیّد محی الدین محبوب کاظمی حنفی قادری مدظلہ العالی سجادہ نشین خانقاہ محبوب آباد شریف حویلیاں ضلع ایبٹ آباد و ولی عہد السیّد حسام الدین محبوب کاظمی قادری مدظلہ العالی ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کوڈ نمبرــ: 7268
ایس اے حکیم القادری
نامہ نگار ہیڈ مرالہ ضلع سیالکوٹ
تاریخ : 22-01-2020