راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی )راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک کی قیادت میں وفد نے پاکستان میں یلجئیم کے سفیرفلپ برونچین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، کنوئینر ریجنل ٹریڈ خورشید برلاس، سیکرٹری جنرل عرفان منان اور فہد برلاس بھی شامل تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ بیلجیم یورپی یونین کے اندر پاکستان کا 5 واں سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 900 ملین یورو تک بڑھ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس سہولت سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ تجارتی تعلقات کے فروغ اور نمائشوں کے انعقاد میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔ سفیر نے رواں سال پاک ای یو سمٹ اور برسلز میں بزنس کانفرنس کے لئے مکمل تعاون اور معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ فلپ برونچین نے مزید کہا کہ ان کا ملک توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکسٹائل، ڈیری، پولٹری اورتعلیم کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے ۔ایچ ای سی کے تحت یلجئیم یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے یا تحقیق کرنے والے پاکستانی طلباء کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔اس موقع پر صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ باہمی تجارت کے فروغ کے لیے چیمبر آف کامرس کی سطح پر تعاون اور رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چیمبر کے زیر اہتمام انٹر نیشنل راول ایکسپو 2020 میں بلجئیم کے سفیر کو بزنس کیٹلاگ نمائش لگانے کی بھی پیش کش کی۔ دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان قریبی روابط بڑھا کر تجارتی حجم مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر ٹریڈ کمشنر عابد ایم حسین اورکمرشل آفیسر شوکت نواز نیازی بھی موجود تھے۔
صدر راولپنڈی چیمبر کی وفد کے ہمراہ یلجئیم کے سفیرسے ملاقات
Jan 24, 2020