حکومت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کیلئے ایک جامع مہم شروع کررہی ہے:شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کل سے پاکستان اور بیرون ملک میں ریلیوں' سیمیناروں اور نمائشوں کے ذریعے ایک جامع مہم شروع کررہی ہے جس کا مقصد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں ایک مہم چلائے گی تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اجاگر کی جائے۔

اطلاعات اور نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور مواصلات کے وزیر مراد سعید بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وفاقی وزراء کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ وہ اس مسئلے پر عوام کو متحرک کرکے مہم کو کامیاب بنائیں جسے پوری قوم کی پہلے ہی حمایت حاصل ہے۔

پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس ستائیس جنوری کو ایک ثقافتی شو کی میزبانی کرے گی جس کے بعد ملک بھر کی آر ٹ گیلریوں میں تصویری نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے پیلٹ گن سے متاثرہ افراد سمیت کشمیریوں کے مصائب اجاگر کیے جائیں گے۔

کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین فخر امام تیس جنوری کو کشمیر کے بارے میں ایک سیمینار کی صدارت کریںگے اس سے اگلے روز وہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

مہم کے دوران تین فروری کو کنونشن سنٹر میں ایک تقریب ہوگی جس میں نوجوان کارکن شرکت کریں گے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی چار فروری کو ایوان صدر اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں ایک تقریب کی میزبانی کریں گے جس میں سفارت کار شرکت کریںگے۔

ہر سال پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے اور اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر سمیت مختلف سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔اس روز وزیراعظم مظفر آباد میں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور میرپور میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔
 

ای پیپر دی نیشن