مقبوضہ بیت المقدس(صباح نیوز) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیلی حکام نے فلسطینیوں کی 24 املاک مسمار کردیں۔اقوام متحدہ کے مرکز برائے انسانی حقوق ’’اوچا‘‘کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پانچ جنوری سے 18 جنوری کے دوران فلسطینیوں کی املاک کی مسماری شامل ہے۔ مکانات کی مسماری کے نتیجے میں 34 فلسطینی بے گھر ہوئے اور 70 بالواسطہ طور پر متاثر ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیلی فوج نے 161 بار فلسطینی علاقوں میں چھاپے مارے اور 157 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ ان میں 33 چھاپہ مار کارروائیاں مشرقی بیت المقدس میںکی گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے پرتشدد حملوں کے نتیجے میں 14 بچوں سمیت 79 فلسطینی زخمی ہوئے۔ ان میں سے 69 فلسطینی غرب اردن میں المغیر، دیر جریر اور شمالی غرب اردن میں قلقیلیہ کے نواحی علاقے کفر قدوم میں ہونے والی جھڑپوں میں زخمی ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیلی حکام نے فلسطینیوں کے 1370 قیمتی اور پھل دار درخت کاٹے جب کہ فلسطینی شہریوں کے 237 مویشی قبضے میں لیے گئے۔