لاہور (سٹاف رپورٹر + نیوز رپورٹر) چیئرمین نیب سے ملاقات کی ہے اور میں نے اُن سے کہا کہ جس افسر نے چوری یا کرپشن کی ہے اسے پھانسی لگائیں۔ میرا اس وقت سارا فوکس فریٹ بزنس پر ہے کیونکہ اس وقت اگر فریٹ سالانہ 19بلین پر ہے تو میں اس کو 36 بلین پر لے کر جائوں گایہ میرا عزم ہے۔ ریلوے پشاور ڈویژن میں مزدوروں کے اوور ٹائم کے حوالے سے میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر بیان کیا گیا۔ دنیا کے اندر جو افسر اور مزدور کام کرتا ہے اُس کو اوور ٹائم کے ساتھ انعام ملتا ہے یہ بزنس کے بنیادی اصول ہیں ریلوے میں جو بھی مزدور کام کرے گا اُسے اوور ٹائم دیاجائے گااور جو کام نہیں کرے گا اُسے اوور ٹائم نہیں دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہو رمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اگر ریلوے کو ٹھیک کرنا تو پھر اس کو بزنس ماڈل کے طور پر کھڑا کرنا ہوگا۔ ریلوے کو نئے بزنس ماڈل اور نئے انفراسٹرکچر کے ساتھ چلائیں گے یہی افسر اور مزدوراللہ کے فضل وکرم سے نئے بزنس ماڈل کے مطابق ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے۔ میں نے نہ پہلے کوئی چیز ریلوے کی استعمال کی ہے نہ اب کروں گااپنی فیملی کے ساتھ سیلون کا خرچہ خود برداشت کرکے آیا ہوں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ میرے افسر اور مزدور میری آنکھوں کے تارے ہیں اس لیے میں ان کو سہولت دوں گا تو وہ ریلوے کو بزنس ماڈل کے طور پر چلائیں گے۔ ریلوے کے جس ڈیپاٹمنٹ میں نقصان ہوگا اُسے آئوٹ سورس کروں گا تاکہ مسافر بہتر اور محفوظ سفر کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے 9 ماہ سے ایک سال کا وقت دیں ریلوے انشاء اللہ چل پڑی ہے اور مزید بہتر انداز سے چلے گی۔ 99 فیصد مزدور بہتر کام کررہے ہیں۔ 2008 سے 2012 کے درمیان 96 فیصد سگنل کا مسئلہ مکمل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ جب تک حکومت ہے میں اُس وقت تک ریلوے میں رہوں گا اور ریلوے کو ٹھیک کرکے جائوں گا۔ لاہور سے نیوز رپورٹرکے مطابق پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ملاقات کی ہے جس میں سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ عبدالعلیم خان نے ریلوے کالونیوں کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے کہا کہ ریلوے کالونیوں کے رہائشیوں کو تمام شہری سہولیات بہم پہنچانا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور موقع پر احکامات جاری کئے۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا پی ٹی آئی اپنے آئندہ اڑھائی برسوں میں تیزی سے عوامی مسائل حل کرے گی، تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چاہئے، تمام جماعتیں جمہوری کردار ادا کریں۔
چیئر مین نیب سے کہا ہے چوری،کرپشن پر افسرکو پھانسی لکائیں
Jan 24, 2021