سی پیک پورے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا: قاسم سوری

Jan 24, 2021

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ستر سالوں سے بلوچستان کو محروم اور پسماندہ رکھا گیا، بلوچستان میں بہت سے کام کرنے باقی ہیں ہم بلوچستان میں سو کے قریب منصوبوں پر کام شروع کر رہے ہیں، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام بلوچستان میں بہترین کام کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اسلام آباد میں 'ہمارا بلوچستان' تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کا انعقاد بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی) نے کیا تھا، تقریب میں سینیئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے بھی بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اظہار خیال کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر ثنا اچکزئی، ظاہر ناصر اور دیگر مہمان بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ستر سالوں میں محروم رکھا گیا ماضی میں بلوچستان کی لیڈرشپ کے ساتھ سنگین ناروا سلوک رکھا گیا۔ موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور سی پیک کی تکمیل کے لئے سرگرم ہے۔ سی پیک پر تیزی سے کام جاری ہے یہ منصوبہ ناصرف بلوچستان کے عوام کی تقدیر بدلے گا بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی بہترین پالیسیوں کے باعث بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، سی پیک کے مغربی روٹ کے لئے ہم نے بڑی کاوشیں کیں، ہماری حکومت جب آئی تو ہم نے باقاعدہ سی پیک پر کام شروع کیا۔

مزیدخبریں