اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں عوام کو ریلیف پہنچانا شامل نہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو بری طرح مایوس کیا ، اس کے ووٹرز اور سپورٹرز بھی اب حیران و پریشان ہیں کہ ہم نے کتنی بڑی غلطی کر دی۔ سندھ اور مرکز آپس میں دست و گریبان ، کراچی جیسے شہر کا کوئی پرسان حال نہیں۔ صنعتی ترقی کا پہیہ جام ہوگیا۔ زراعت تباہ ، زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم اور چینی کے لیے دوسروں کے محتاج ہو گئے۔ مزدور اور کسان رل گئے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور۔ عوام حکمرانوں کو گریبان سے پکڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔ ملک اور قوم کے تمام مسائل کا حل سود سے پاک معیشت اور اسلام کے عادلانہ و منصفانہ نظام کے قیام میں مضمر ہے۔ عوام نے فوجی اور سول ادوار کو دیکھ لیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی اور ضلع جنوبی کے تنظیمی دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تنظیمی اجتماع سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری محمد اصغر، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے بھی خطاب کیا۔ناظمین علاقہ جات نے جائزہ رپورٹ پیش کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ آج شہر قائد کی چند بڑی سڑکوں کے علاوہ پورا شہر کھنڈرات بن چکا ہے۔ کچرے کے ڈھیر اور گندا پانی جگہ جگہ جمع ہے۔ جو حکومت کچرا نہ اٹھا سکے وہ عوام کے دیگر مسائل کیا حل کرے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی کو نفرت اور تعصبات کی سیاست نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو محبت و اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے اضلاع کی جائزہ رپورٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران دستیاب مواقع کو استعمال کرتے ہوئے یونین کونسل کی سطح تک تنظیم کو منظم کریں۔انہوں نے کہا ہمارے معاشرے میں نوجوان بڑی تعداد میں موجود ہیں ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے بغیر دعوتی کام ادھورا ہے اس لیے مناسب حکمت عملی اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے اپنے ساتھ جوڑا جائے۔ دورے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی، عبدالوہاب،راجہ عارف سلطان، سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان، ڈپٹی سکریٹری راشد قریشی، امراء اضلاع محمد یوسف، سید عبد الرشید، سیکرٹری ضلع عرفان احمد سابق ٹاؤن ناظم شفیق الرحمن عثمانی ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔ تنظیمی اجتماع میں امیر ضلع وسطی محمد یوسف اور امیر ضلع جنوبی سید عبد الرشید نے تنظیمی کارکردگی، انتخابات کی تیاریوں کے علاوہ الخدمت کے تحت کرونا کے باعث لاک ڈاؤن اور طوفانی بارشوں کے دوران ریلیف میں تفصیلی بریفنگ دی۔