لاہور (نوائے وقت رپورٹ) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فضل الرحمن جدید دور کے کرپٹ جادوگر ہیں، چندے کے پیسے سے اربوں کی جائیدادیں فرنٹ مینز کے ذریعے بنائیں۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں عوام کو ورغلانے والے مولانا کی سیاست مفاد پرستی اور فساد سے لتھڑی پڑی ہے، وہ اربوں کی کرپشن بچانے کیلئے ملکی جڑیں کھوکھلی کرنے پر بضد ہیں، مولانا اور پی ڈی ایم کے شور شرابے، آہ و بکا کی اصل وجہ ان کے اپنے سیاہ کرتوت اور کرپشن کے وہ پہاڑ ہیں جس کے بچاؤ کیلئے یہ ٹولہ دربدر ٹکریں مار رہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کپتان کی حکومت میں ان کی چیخیں مزید بلند ہونگی، ملکی دولت بھیڑیوں کی طرح لوٹنے والوں سے پائی پائی کا حساب لینا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔