اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) مری، گلیات سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم حسین ہو گیا۔ ناران، شوگران سمیت بالائی علاقوں میں بھی آسمان سے گرتی برف نے علاقے کی خوبصورتی بڑھا دی۔ گلیات اور گردونواح میں پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی۔ ہر منظر سفید ہو گیا۔ مری میں سیاح مال روڈ پر جمع ہو گئے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے۔ سکردو اور گوپس میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی آٹھ درجے نیچے چلا گیا۔ کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان ایک بار پھر شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور درجہ حرارت منفی 6 تک گر گیا جس سے شہری گھروں تک محدود ہو گئے۔ سردی کی شدت میں اضافے سے گیس پریشر بھی غائب ہو گیا۔ جس سے شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں مکینوں کی زندگی مفلوج ہو گئی۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سیالکوٹ میں گزشتہ روز سیاہ بادل چھائے رہے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے قفے سے جاری رہا۔ ٹھنڈی ہواؤں اور بونداباندی کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔