اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ این این آئی) سردیوں میں کے ٹو سر کرنے والے نیپالی کوہ پیمائوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر سیاحت گلگت بلتستان راجا ناصر علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نیپالی کوہ پیمائوں نے تاریخ رقم کی ہے۔ نیپالی حکومت سے مزید سیاحت سے متعلق معاہدے کر رہے ہیں۔ نیپالی سفیر تاپس ادھیکاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز صدر پاکستان عارف علوی سے مفید ملاقات ہوئی۔ نیپال اور پاکستان مل کر سیاحت کو فروغ دیں گے۔ نیپالی کوہ پیمائوں کے ٹیم لیڈر نرمل پرچا نے کہاکہ ، پاکستان میں جو عزت ملی وہ شاید نیپال میں نہ ملے، پاکستان سیاحت کیلئے محفوظ ملک ہے۔ ٹیم کے ہر ممبر نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر پاکستان، آرمی چیف اور وزیر سیاحت جی بی کے مشکور ہیں۔اسلام آباد سے سپیشل رپورٹ کے مطابق پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر نے کہا ہے کہ نیپالی کوہ پیمائوں نے کے ٹو کی چوٹی سر کر کے زبردست کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان کے اس کارنامے سے پاکستان کا قدرتی حسن نمایاں ہوا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر گذشتہ روز نیپالی کوہ پیمائوں کی دس رکنی ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں تقریر کر ہے تھے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں 7 ہزار 253 گلیشئرز ہیں اور وہ گلیشئرز سے پانی حاصل کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اور اس سال نومبر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں عالمی کانفرنس کی میزبانی بھی کر رہا ہے۔ کوہ پیمائوں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں حکومت پاکستان کے نمائندوں، نیپال کی نائب سفیر، کینیڈا اور یورپی یونین کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔
نیپالی کوہ پیماؤں میں سرٹیفکیٹس تقسیم‘ کا رنامہ سرانجام دیا: برطانوی ہائی کمشنر
Jan 24, 2021