مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے  جنرل اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

Jan 24, 2021

اداریہ

مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان، سعودی عرب اور دیگر برادر اسلامی ملکوں کی متفقہ قرارداد منظور کرلی جس میں کہا گیا ہے کہ ثقافتی فروغ اور قیام امن کیلئے مذہبی مقامات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ قرارداد میں انتہاپسند بھارتی ہندوئوں کی سرزنش کی گئی ہے۔ بھارت میں اسلامی ورثہ کے خاتمے کی منظم مہم جاری ہے، مذہبی مقامات کو بھی مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے۔ تاریخی بابری مسجد بھی ہندو انتہاپسندی کی بھینٹ چڑھ چکی ہے۔ گزشتہ روز بھی انتہاپسند ہندو تنظیموں وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے شرپسندوں نے کانپور میں ایک درگاہ میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور دیواروں پر جے شری رام کے نعرے لکھ دیئے۔ انتہاپسندی کے ایسے حالات میں جنرل اسمبلی کا قرارداد منظور کرنا خوش آئند اور وقت کا تقاضا ہے۔ کیونکہ مذہبی مقامات کے تحفظ اور تقدس کو یقینی بناکر ہی بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکتا ہے جو امن عالم کیلئے اشد ضروری ہے۔ امید ہے کہ جنرل اسمبلی متفقہ طور پر منظور کی گئی قرارداد کے تناظر میں مسجد اقصیٰ سمیت پوری دنیا میں مذہبی مقامات کا تقدس یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انتہاپسندی کو بھی لگام دے گی۔

مزیدخبریں