اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی کو منگل کو طلب کر لیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا کے مطابق 2007ء میں ضیاء الرحمن کو غیر قانونی طور پر پرووینشل مینجمنٹ سروس میں شامل کیا گیا۔ نیب نے سابق چیف سیکرٹری صاحبزادہ ریاض نور، سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ صاحب جان، سابق سیکرٹری گورنر احمد حنیف اورکزئی کو بھی طلب کیا ہے۔ ان تمام افراد کو 27 اور 28 جنوری کو نیب کے پشاور دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو نے مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف 2 انکوائریاں شروع کر رکھی ہیں۔ نیب نے مولانا فضل الرحمن کے داماد فیاض علی کو بھی 28 جنوری کو طلب کر رکھا ہے۔