اسلام آباد (جاوید صدیق) ترکی کے صدر طیب رجب اردگان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک برادر ملک ہے جس سے ہمارے بہترین تعلقات ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دونوں مشکل جغرافیائی علاقوں میں واقع ہیں اور ان کے چیلنج بھی ایک جیسے ہیں۔ وہ گذشتہ روز استنبول میں پاک بحریہ کیلئے تیار کئے جانے والے لڑاکا بحری جہاز ’’مل جم‘‘ کی تیاری‘ ویلڈنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں پاکستان کے ترکی میں سفیر محمد سائرس سجاد قاضی بھی موجود تھے۔ ترک صدر نے کہا کہ گذشتہ سال دورہ پاکستان میں پاکستان اور ترکی کے مابین معاشی سٹریٹجک سمجھوتے پر دستخط ہوئے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات بہت مستحکم ہوں گے۔ ترک صدر نے کہا کہ پاک بحریہ کیلئے ’’مل جم‘‘ قسم کے لڑاکا جہازوں کی تیاری دونوں ملکوں میں دفاعی تعاون کی ایک درخشاں مثال ہے۔ ترکی پاک بحریہ کیلئے چار جہاز تیار کر رہا ہے۔ ویلڈنگ تقریب میں ترکی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر، ترکی کے وزیر دفاع، چیف آف جنرل سٹاف اور ترکی کی بحریہ کی کمانڈر اور دوسری اہم شخصیات نے شرکت کی۔