اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرِاعظم عمران خان سے خواتین اراکینِ قومی اسمبلی ، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں رکنِ قومی اسمبلی عاصمہ قدیر اور جھنگ سے غلام بی بی بھروانہ، قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد اور شوکت علی بھٹی، اراکینِ صوبائی اسمبلی سلیم سرور جورا، میاں اختر حیات، طارق تارڑ، چوہدری گلریز افضل چن، محمد ارشد چوہدری اور لیاقت بدر کے علاوہ چوہدری اعجاز اور نظر محمد گوندل شامل تھے۔ ملاقات میں معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ عاصمہ قدیر نے وزیرِ اعظم کو سسٹین ایبل ہاؤس ہولڈ سے متعلق منصوبے سے آگاہ کیا۔ منصوبے کے تحت کچن گارڈننگ اور چھوٹے پیمانے پر پولٹری کی مدد سے نہ صرف متوسط گھرانے کی ضروریات پوری ہو سکیں گی بلکہ ان سے روزگار بھی کمایا جا سکے گا۔ ،مجوزہ منصوبہ نہ صرف کم سے کم کاربن فٹ پرنٹ کی وجہ سے ماحول دوست ہے بلکہ کسی بھی گھر کو اپنے تئیں ایک سسٹین ایبل یونٹ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایم این اے عاصمہ قدیر نے وزیرِاعظم کے بلین ٹری سونامی کے مثبت نتائج پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی اور شجرکاری کے جاری اقدام سے آگاہ کیا جس میں انکو این ایچ اے کا تعاون حاصل ہے۔ غلام بی بی بھروانہ نے وزیرِ اعظم کو جھنگ میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ سیال شریف میں بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیشِ نظر گیس کی دستیابی کی تجویز پیش کی۔ وزیرِاعظم نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین ارکانِ پارلیمنٹ اپنے حلقے کے مسائل کیلئے بالعموم اور خواتین کے مسائل کے حل کیلئے بالخصوص مؤثر کردار ادا کررہی ہیں جو خوش آئند بات ہے۔ ارکان اسمبلی کی ملاقات میں گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں عوامی ریلیف کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو.ہوئی، گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں اہم شاہراہوں کی توسیع و مرمت پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم کو ارکانِ اسمبلی نے اپنے اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو سراہا اور جاری منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کراچی کی بیسمنٹ کا کام پھرسے تیز کردیا گیا، یہ ہسپتال پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید ہوگا۔ ٹوئٹ میںوزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کراچی کے تعمیری کام کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کراچی کی بیسمنٹ کا کام پھر سے تیز کردیا گیا۔ کرونا کے باعث بیسمنٹ کا کام سست روی کا شکار تھا۔ شوکت خانم ہسپتال کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید ہسپتال ہوگا۔