راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے) گورنمنٹ کنٹریکٹرز کی مرکزی تنظیم کنٹریکٹرز آف پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ پنجاب میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار کی ترجیحات کے برعکس کنسٹرکشن انڈسٹری کو تباہ کرنے کیلئے سرکاری مشینری آڑے آرہی ہے وزیراعلیٰ کے حکم پر ایک سال بعد ہمارے متعلقہ حکام سے کنٹریکٹرز کے مسائل حل کرنے کیلئے لاہور میں منعقد ہونے والا اجلاس سر کاری افسران کی غیرسنجیدگی کی نذر ہوگیا کنٹریکٹرز کی قیادت نے غیر سنجیدہ رویہ اور منسٹری کے انچارج کی اجلاس میں عدم موجودگی کے باعث بائیکاٹ کردیا وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کنٹریکٹرز کی خواہش ہے کہ ملک خصوصاً پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے کوارڈینیٹر ملک کلیم اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت کی روانی اور بیروزگاری میں کمی لانے کیلئے کنسٹرکشن انڈسٹری کی اہمیت کے مد نظر اسے سہولیات فراہم کرنے اور کنٹریکٹرز کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے وزیراعلیٰ پنجاب سے اس ضمن میں ایک سال قبل ملاقات ہوئی اور انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی تھی کہ وہ جلد از جلد کنٹریکٹرز سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے مگرسرکاری مشینری نے جلدازجلدملاقات کرنے میں ایک سال سے زائد کا عرصہ لگادیا۔