پاکستانی سائنس دانوں نے ممباسہ گھاس متعارف کرائی 

Jan 24, 2021

اسلا م آباد(خصوصی نمائندہ)پاکستانی سائنس دانوں نے زراعت کے شعبہ میں انقلابی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ممباسہ گھاس متعارف کرائی ہے۔ سائنس دانوں نے کہا ہے کہ گنے سے لمبی گھاس مویشیوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کا بہترین نعم البدل ہے۔ بلند قامت اور موٹی جسامت والی اس گھاس کو کھانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان ایگریکلچر اینڈ ریسرچ کونسل کے سائنسدانوں نے ممباسہ گھاس کے بارے میں کہا ہے کہ اس کی افزائش کے لیے کسی بڑے سرمائے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی  مخصوص موسموں کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ پی اے آر سی کے حکام نے مزید کہا ہے کہ اس گھاس کو آسانی سے کاشت کر کے اس کی فصل سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔پی اے آر سی کے مطابق اس گھاس پر موسمی اثرات اور مختلف حملوں سے بچائو کے لیے بھی تحقیق کی جا رہی ہے۔ ممباسہ گھاس مویشیوں کی غذا کے لیے نعم البدل کے ساتھ ساتھ غذائی ضروریات کو پورا کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے جس سے پروٹین اور دیگر غذائی اجزا پر مشتمل صحت بخش مصنوعات کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ پاکستانی سائنس دانوں کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس تحقیق کو لائیو اسٹاک کے شعبہ میں انقلاب قرار دیا جا رہا ہے جس سے کاشتکاروں کو بھی فائدہ ہوگا۔

مزیدخبریں