لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے علماکرام کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنگ نظری اور عدم برداشت سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ علمائے کرام اختلاف رائے کا فراخ دلی کے ساتھ سامنا کریں، علمائے حق کبھی تنگ نظر نہیں ہوسکتے۔ حضور نبی اکرم ؐ خندہ پیشانی کے ساتھ ہرایک کی بات سنتے تھے اور کبھی ناگواری کا اظہار نہیں فرماتے تھے۔ آپ ؐ کی مجلس کا یہ حسن ہوتا تھا کہ اس مجلس میں بیٹھنے والا ہر شخص دل کی بات بے خوف و خطر کرتا تھا اور اس کی بات سنی جاتی تھی اگر اس مبارک سنت کو ہم اپنی زندگی اور مزاج پر نافذ کر لیں تو سارے جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔ علمائے کرام کے وفد نے حافظ محمد خلیل قادری کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر،علامہ محمد اقبال اکبر قادری، خالد محمود منہاجین، مقبول حسین طاہر، عدنان وحید قاسمی، محمد زمان قادری موجود تھے۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اختلاف رائے اس انداز کے ساتھ ہونا چاہیے کہ آپس کے خوشگوار تعلقات خراب نہ ہوں۔ قرآن مجید نے امت محمدیہ کو اعتدال والے رویئے کی حامل امت قرار دیا ہے جو کسی بھی معاملے میں حد سے تجاوز نہیں کرتی اس لئے ضروری ہے کہ میانہ روی اور اعتدال کے ساتھ معاملات کو چلایا اور نبھایا جائے۔
تنگ نظری اور عدم برداشت سب سے بڑا خطرہ ہے: حسن محی الدین
Jan 24, 2022