لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یار سول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں سالانہ ’’سیدنا صدیق اکبر ؓکانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈاکٹر محمدا شرف آصف جلالی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افضلیت صدیقِ اکبر ؓقرآن و سنت کا اعلان اور صحابہ کا ایمان ہے۔ آپ ؓ صرف خلیفہ راشد ہی نہیں تھے بلکہ دیگر خلفائے راشدین کیلئے رہبرورہنما بھی تھے۔ قیامت تک نظامِ اسلام کا محور خلافت صدیق اکبر ؓپر ہے۔ حضرت سیدنا صدیق اکبر ؓکی شخصیت بیک وقت سلاطین اور مقرّبین کیلئے درس گاہ کی حیثیت رکھتی ہے۔آپ ؓنے نظام مصطفی ؐکی قوّت سے تمام فتنوں کا مقابلہ کیااور آپ کے خطبے خاندان رسول کی محبت سے لبریز ہیں۔ جن حالات میں آپ نے ملّت کی کشتی کنارے پر لگائی وہ آپ ہی کا حصہ ہے۔ عقیدہء ختم نبوت کے تحفظ، ناموس رسالت کی حفاظت اور دین اسلام کے دفاع کیلئے آپ کی خدمات تاریخ اسلام کا عظیم سہرا ہیں۔ حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کا دورہ خلافت حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔