لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان (نورانی)کے زیر اہتمام خلیفہ اول امیرالمومنین حضرت سید نا صدیق اکبر ؓکے یوم پیدائش کے موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ و جے یو پی نورانی کے صدر ڈاکٹرابوالخیر محمد زبیر کی صدارت میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس سے پیر صفدر شاہ،مفتی نعیم جاوید نوری،علامہ حسیب قادری اور پیر محمد اصغر نورانی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ڈاکٹرابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق وہ شخصیت ہیں جنہوں نے اسلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمدؐکے فرمان پر اپنا سب کچھ قربان کردیا۔آپ ؓنے اشاعت دین کیلئے عظیم کردار ادا کیا،آپ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے اپنے جان ومال اور اولاد کی پرواہ کئے بغیر سب کچھ اسلام اور پیغمبرعالم حضرت محمدؐ کے فرمان پر قربان کر دیا۔ ؒنبی اکرم ؐ نے فرمایا کہ میری امت میں سب سے زیادہ مہربان ابو بکر ہیں،آج ہمیں چاہیے کہ خلیفہ اول امیرالمومنین حضرت سید نا ابو بکر صدیق ؓکی سیرت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں۔