لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کیلئے حفاظتی پروٹوکولز جاری کر دیے ہیں۔حفاظتی پروٹوکولز کے مطابق ایونٹ کے پہلے مرحلے میں شریک تمام افراد کی 4 بار پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائیگی، 10 فروری سے 27 فروری تک شرکاء کی 7 مرتبہ پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی۔کرونا ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آنے پر7 دن کیلئے آئسولیشن میں رکھا جائے گا، جس کے بعد ریپڈ ٹیسٹ ہو گا، ریپڈ ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ شخص کو مزید 3 روزکیلئے آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔کرکٹ بورڈ کے مطابق کھلاڑی گیند پر تھوک کا استعمال نہیں کر سکتے، تمام کھلاڑیوں کوصرف اپنے سامان استعمال کرنے کی اجازت ہو گی اور صفائی کے عملے کے علاوہ کسی اور کو ہوٹل کے کمرے میں آنے کی دعوت دینا بڑی خلاف ورزی ہو گی، اجازت کے بغیر قرنطینہ کے دوران کمرے سے باہر نکلنا بڑی خلاف ورزی ہو گی اور ببل کے باہر سے کوئی بھی چیز وصول کرنا، علامات سے آگاہ نہ کرنا بڑی خلاف ورزی ہوگی۔ ایسا کوئی قدم اٹھانا جو علامات کو چھپائے یا ٹیسٹ کے نتائج کو تبدیل کر دے بڑی خلاف ورزی ہو گی، کسی ایسے شخص سے ملنا جس میں علامات ہوں یا جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہو وہ بھی بڑی خلاف ورزی ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میڈیا کے لیے بھی ایڈوائزی جاری کی گئی ہے اور این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں پر میڈیا باکس میں داخلہ محدود کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوران صرف 25 فیصد صحافیوں کو میڈیا باکس میں بٹھنے کی اجازت ہو گی، مرکزی بلڈنگ کے میڈیا باکسز میں 25 فیصد صحافی ہوں گے، دیگر صحافیوںکیلئے جاوید میانداد انکلوژر میں میڈیا زون بنایا جا رہا ہے۔