بیگناہ 2 کشمیری طلبا کی شہادت پر بھارت مخالف احتجاج قابض فوجیوں کی فائرنگ ، شیلنگ 

Jan 24, 2022

 سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارت کی جارحیت میں  2 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق شہید ہونے والے نوجوان طلبا تھے۔ علاقہ مکینوں نے نہتے نوجوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ واضح رہے کہ رواں ماہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے اور شہید ہونے والوں کی تعداد ایک درجن سے زائد ہوگئی ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت کے اس اعتراف کو کہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں، تضادات کا مجموعہ قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ  کے اس بیان پر کہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے بعد اس کی ریاستی حیثیت بحال کر دی جائے گی۔ شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ خاموشی کو نارملی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے کہا علاقے میں اچھا نظم و نسق صرف کاغذوں تک محدود ہے۔

مزیدخبریں