اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق، املاک کا تحفظ یقینی بنانا ضروری: پرویز الٰہی

Jan 24, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان مسلم لیگ امریکہ کے صدر میاں ذاکر نسیم، جنرل سیکرٹری چودھری تنویر اور سینئر رہنما چودھری ادریس عارف نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں، ان کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنانا ضروری ہے۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کر سکتے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی بنائیں گے۔ پرویز الٰہی نے صدر مسلم لیگ امریکہ میاں ذاکر نسیم کی پارٹی کیلئے اندورن و بیرون ملک خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مسلم لیگ کے سلسلہ وار اجلاسوں سے پارٹی کی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی، امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے ان کی گرانقدر خدمات ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے بطور وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کی میتیں مفت وطن واپس لانے اور تدفین کیلئے پچاس ہزار روپے وظیفہ بھی مقرر کیا۔ میاں ذاکر نسیم، چودھری تنویر اور چودھری ادریس نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان مکمل ہونے پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو مبارکباد پیش کی۔ وفد نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کیا۔

مزیدخبریں