اسلام آباد +بھیرہ ( خصوصی رپورٹر+نامہ نگار) جسٹس عائشہ ملک آج سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی۔ ان کے آباؤ اجداد کا تعلق بھیرہ کے مردم خیز خطہ سے ہے۔ وہ ملک کی تاریخ میں سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج ہوں گی اور 2031ء تک اس عہدہ پر فائز رہیں گی۔ 2030 میں جسٹس یحیی آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے سپریم کورٹ کا چیف جسٹس بننے کے بھی امکانات ہیں۔ 55 سالہ جسٹس عائشہ ملک 2012 میں لاہور ہائی کورٹ کی جج تعینات ہوئیں۔ خواتین کو انصاف کی فراہمی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ان کے جراتمندانہ فیصلے تاریخ کا حصہ ہیں۔ پاکستان کی پہلی خاتون ڈپٹی اٹارنی جنرل ناہیدہ محبوب الٰہی مرحومہ کا تعلق بھی بھیرہ سے تھا اور بھیرہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس وقت چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر محمد جلال سکندر سلطان راجہ کا تعلق بھی اسی سر زمین سے ہے۔اسلام آباد سے خصوصی رپورٹر کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد جسٹس عائشہ ملک سے عہدے کا حلف لیں گے۔ تقریب سپریم کورٹ بلڈنگ کے ہال میں صبح 9 بجے ہوگی۔ سپریم کورٹ کے تمام جج صاحبان شرکت کریں گے۔ اس سلسلے میں اٹارنی جنرل، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل، صدر سپریم کورٹ بار، وائس چیئرمین پاکستان بارکونسل، سینئر وکلا کو دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں۔