لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے نوٹس پر لاہور پولیس نے 14 واقعات کے نوٹس پر ملزم ٹریس کرلیے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پولیس حکام نے خطرناک جرائم کے بارے میں گزشتہ تین ماہ کے دوران لئے گئے نوٹس پر کارروائیوں کی حتمی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس سے متعلق 15میں سے 14نوٹس پرکارروائی مکمل کر کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا اور بیشتر ملزمان جیل پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہا ہے کہ نوٹس لینے کا مقصد عوام کو فوری اور جلد انصاف کی فراہمی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہر مدعی کو انصاف ملے اور ہر ملزم جیل کے اندر ہو۔ میڈیا اور دیگر ذرائع سے آنے والی خبروں کا جائزہ لے کر نوٹس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں پی ٹی آئی کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر ابرارالحق اور میجر (ر) اسرار الحق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور عمومی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور نارووال اور لاہور کے ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے ہر شہر کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ پہلی دفعہ عوام کی ضرورت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور کے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے سلسلے میں عوامی نمائندوں کی مشاورت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔وزیر اعلی نے مزید بتایا کہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے شہر کی دوسری سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا لاہور کے شہریوں کیلئے تحفہ ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ شاہدرہ موڑ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن فلائی اوور منصو بے سے جی ٹی روڈ کی ٹریفک کو ریلیف ملے گا۔ اس منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ شاہدرہ موڑ فلائی اوور سے روزانہ تقریباً 3 لاکھ گاڑی مالکان مستفید ہوں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ فرسٹ لیول فلائی اوور پر جی ٹی روڈ کیلئے 3، 3 لین روڈ بنائی جائیں گی۔ سیکنڈ لیول فلائی اوور پر کوٹ عبدالمالک سے نیازی چوک تک 2 لین کیرج وے بنائیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر ابرارالحق نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا یکساں ترقی کا وژن قابل تحسین اقدام ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں ہی عافیت اور خیریت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پابندیاں نہیں لگانا چاہتے، عوام احتیاط کریں۔ اومیکرون معمولی وائرس نہیں، خطرناک ہوسکتا ہے، ویکسی نیشن اور بوسٹر ڈوز بہت ضروری ہے۔ مساجد میں ایس او پیز کے مطابق باجماعت نمازکی ادائیگی کا اہتمام کیا جائے۔ کرونا سے بچاؤ کی کاوش میں عوام کا بھرپور تعاون بہت ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپیل کی کہ ویکسی نیشن کے 6ماہ کے بعد بوسٹر ڈوز لازمی لگوائی جائے۔
کرونا پابندیاں نہیں لگانا چاہتے ، لاہور سمیت ہر شہر کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں : عثمان بزدار
Jan 24, 2022