میلبورن(اسپورٹس ڈیسک )بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے امریکی پارٹنر راجیو رام نے جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، پری کوارٹر فائنل میں انہوں نے ایلن پریز اور متوے مڈل کوپ کو شکست دی، آسٹریلین اوپن کے سنسنی خیز مقابلے میلبورن میں جاری ہیں، اتوار کو مکسڈ ڈبلز کے دوسرے رانڈ میں بھارت کی ثانیہ مرزا اور امریکہ کے راجیو رام نے آسٹریلیا کی ایلن پریز اور ہالینڈ کے متوے مڈل کوپ کو سخت مقابلے کے بعد 6۔7 اور 4۔6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔در اثنارافیل نڈال اور ڈینس شاپووالوف نے شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے دلچسپ مقابلے میلبورن میں جاری ہیں، گزشتہ روز مینز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں نامور ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال نے فرانس کے ایڈریان مینارینو کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، نڈال کی جیت کا سکور 6۔7، 2۔6 اور 2۔6 رہا، واضح رہے کہ 35 سالہ نڈال کیریئر میں 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ ایک اور میچ میں کینیڈا کے ڈینس شاپووالوف نے تھرڈ سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر زویرو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-6، 6-7 اور 3-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کر لی۔
آسٹریلین اوپن، ثانیہ مرزا کی مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں رسائی
Jan 24, 2022