بہاولپور ( نمائندہ نوائے وقت ) اخبار فروش فیڈریشن کے تا حیات جنرل سیکرٹری ٹکا خان عباسی نے اخبار فروش یونین بہاولپور کے جنرل سیکرٹری و ممبر فیڈریشن محمد رضوان جعفر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اخبار فروش کسی بھی اخبار کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ یوں کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ اخبار فروش اخبار کے شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخبار فروش فیڈریشن نے ہمیشہ اخبار فروشوں کے مسائل کے حل اور حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے۔جنرل سیکرٹری محمد رضوان جعفر نے انہیں بہاولپور کے اخبار فروشوں کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے محنت کش اور غریب اخبار فروش بھائیوں کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اسلام آباد میں بہاولپور کی صحافی برادری اور اخبار فروشوں کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کریں گے جہاں پر مسائل کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہو گی اور انکے حل کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر بہاولپور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔ جنرل سیکرٹری محمد رضوان جعفر خان شیرانی نے انہیں صدر پریس کلب بہاولپور شاہد اختر بلوچ کی طرف سے دورہ بہاولپور کا پیغام بھی پہنچایا جس پر انہوں نے جلد بہاولپور کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔
ٹکا خان