اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ ’’ احساس تعلیمی وظائف ایپ‘‘کا اجراءآج کیا جائیگا.احساس کی تعلیمی وظائف ایپ کا استعمال کرتے ہوئے، خاندان اپنے بچوں کا اندراج بغیر کسی دفتر کے خود کرسکیں گے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشترنے ایک بیان میں کہاکہ ’’سب کے لیے تعلیم کو فروغ دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ احساس کی تعلیمی وظائف ایپ کا استعمال کرتے ہوئے، خاندان اپنے بچوں کا اندراج بغیر کسی دفتر کے خود کر سکتے ہیں.یہ تاریخی قدم غریب ترین خاندانوں کو ان کے وقت اور اخراجات کو بچانے میں بھی مدد دے گا۔
انہوں نے کہاکہ احساس تعلیمی وظائف پروگرام کو گزشتہ 3 سالوں میں سخت محنت اور متعدد کاوشوں کے بعد ملک بھر میں عملدرآمد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ پروگرام کا مقصد ملک کی تمام تحصیلوں میں 10 ملین بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے میں مدد کرنا ہے۔
احساس کے تمام اہل خاندانوں کے 4 سے 22 سال کی عمر کے بچے احساس کے اسکول وظیفے کے لیے اندراج کر سکتے ہیں۔
اس پروگرام میں بچوں کی تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے پرائمری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے وظیفے شامل ہیں،تمام مشروط مالی معاونت کے پروگراموں کے لیے احساس کی لڑکیوں کے وظیفہ کی پالیسی کے مطابق، لڑکیوں کو لڑکوں کی نسبت زیادہ وظیفہ ملتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پرائمری اسکول جانے والے لڑکوں کو 1500 روپے اور لڑکیوں کو 2000 روپے کا سہ ماہی وظیفہ ملتا ہے، سیکنڈری اسکول کے لڑکوں کو 2500 روپے اور لڑکیوں کو 3000 روپے ملتے ہیں اور ہائیر سیکنڈری سطح پر لڑکوں کو 3500 روپے اور لڑکیوں کو 4000 روپے ملتے ہیں۔اب تک، اس پروگرام میں 6.7 ملین سے زائد بچوں کا اندراج کیا جا چکا ہے۔