لاہور (کامرس رپورٹر) بنکوں سے ایل سیز نہ کھلنے سے ملک کی انڈسٹری بند ہونے کے خلاف تمام کاروباری تنظیمیں میدان میں آگئیں اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور پیاف کے پیٹرن انچیف میاں انجم نثار کی سرکر دگی میں گزشتہ روز لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی، لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر محمد علی میاں، پیاف کے چیئرمین فہیم الرحمن سہگل، نائب صدر طاہر منظور، نصر اللہ ملک، لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر چودھری ظفر محمود، نائب صدر عدنان خالد بٹ سمیت کاروباری افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کی معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کے نعرے درج تھے۔ کاروباری طبقہ کا کہنا تھا کہ حکومت اقتصادی پالیسیاں بناتے وقت کاروباری طبقہ سے مشاورت کرے ورنہ معیشت تباہ ہو جائے گی۔ مظاہرین نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کا ٹوکن احتجاج ہے اگر ایل سی نہ کھلیں تو پھر اس احتجاج کو ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔