اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے محکمہ زراعت میں کرپشن کے الزامات پر برطرف ملازم منظر خان کی اپیل زائد المعیاد ہونے کی بنیاد پر خارج قرار دے دی گئی ہے۔عدالت عظمی میں معاملہ کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت برطرف ملازم منظر خان نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ میری 22 سال کی سروس ہے مجھے کم ازکم پنشن ہی دے دی جائے،میری بیٹیاں ہیں عدالت میرے حال پر رحم کرے، چیف جسٹس نے اس موقع پر پوچھاآپ کو 2006 میں نوکری سے برطرف کیا گیا،آپ نے برطرفی کے خلاف اپیل کیلئے 14 سال کیوں انتظار کیا؟آپ کی اپیل ٹریبونل اور سپریم کورٹ میں زائد المعیاد ہے،آپ پر محکمہ میں ساڑھے 4 کروڑ کرپشن کا الزام لگا،آپ نے نیب عدالت کے مقدمہ کی دستاویزات بھی نہیں لگائے، برطرف ملازم منظر خان نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ احتساب عدالت نے ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا تھا، اس موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو احتساب عدالت کی سزا پر برطرف کیا گیا،اپیل میرٹ پر بھی ناقابل سماعت ہے۔بعد ازاں عدالت عظمی نے اپیل زائد المعیاد ہونے کی بنیاد پر خارج قرار دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا ہے ۔