پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری 50 فیصد بڑھ گئی، تعلقات مزید مستحکم ہونگے: امریکی سفیر 


لاہور (کامرس رپورٹر) امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے پاکستان اور امریکہ کے درمیان پچھتر سالہ بہترین تجارتی و معاشی تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ لاہور میں امریکی قونصل جنرل ولیم میکانیول، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر چوہدری ظفر محمود اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے بھی خطاب کیا۔ سفیر نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں کے دوران پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کا حجم پچاس فیصد بڑھا ہے جس میں مزید اضافے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور فیول کا استعمال کم کرکے گرین ہاﺅس گیسز کا اخراج روکا جاسکتا ہے، اس سلسلے میں امریکہ اور پاکستان کا گرین الائنس بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مشن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی، زراعت اور انرجی سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلابوں نے پاکستان میں انفراسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچایا ، سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امریکہ نے دو سو ملین ڈالر کی امداد دی۔ انہوں نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان کو معاشی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام طبقات ہائے فکر کو ملک کی معاشی ترقی میں حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ایک پالیسی فریم ورک کے ذریعے کام کرتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین سفارتی تعلقات ہیں ،دونوں ممالک نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں، سیکورٹی، گورننس اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں جاری تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جبکہ یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے وال اہم ملک ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر، زرعی ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کے فروغ کی وسیع گنجائش ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ ایل سی سی آئی میں 1000 سے زائد خواتین کاروباری افراد رجسٹرڈ ہیں اور یہ پاکستان میں کسی بھی دوسرے چیمبر آف کامرس کے مقابلے میں خواتین کی رکنیت کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ انہوں نے سفیر سے درخواست کی کہ وہ حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والی بات چیت میں معاون کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ آئی ایم ایف کو قائل کریں کہ وہ پاکستان کو ایک سکیم شروع کرنے کی اجازت دے جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے۔
امریکی سفیر

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...