قرآن کی بے حرمتی دنیا میں  اسلاموفوبیا کی خطرناک سطح کو ظاہر کرتی ہے : صدر علوی

Jan 24, 2023


اسلام آباد (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت اور اسلامو فوبیا کے خلاف اجتماعی عزم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں اسلام کی مقدس کتاب کی توہین سے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔ پیر کو یہاں ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ قرآن کی توہین کا عمل احمقانہ، اشتعال انگیز اور اسلامو فوبک ہے، یہ غیر اخلاقی واقعہ بلاوجہ اشتعال انگیزی اور دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل مذمت عمل بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں اور آزادی اظہار رائے کے جائز اظہار کے اصولوں کے منافی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آزادی اظہار رائے نفرت انگیز تقاریر اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دیتی۔ اسلام دنیا کے تمام مذاہب کے لیے عزت اور احترام کی تلقین کرتا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس گھنائونے فعل نے مسلمانوں کو ان کی مقدس اقدار کی توہین کرکے دکھ پہنچایا ہے، یہ عمل دنیا میں اسلامو فوبیا کی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ عزم کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نفرت کے نظریے کو فروغ دینے والے اور انتہا پسند اور بنیاد پرست عناصر کو نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جانی  چاہئے۔
صدر علوی 

مزیدخبریں