ملکی معیشت سنبھالنے کے دعوے دھوکہ ثابت ہوئے:سابق صدر اسلام آباد چیمبر

Jan 24, 2023


 اسلام آ باد (آئی این پی ) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے ملکی معیشت کو سنبھالنے کے دعوے دھوکہ ثابت ہوئے۔حکومت اور اپوزیشن دونوں سیاست کو ریاست پر ترجیح دے رہے ہیں۔ملک میں بدترین اقتصادی جمود، معیشت بستر مرگ پر، عالمی برادری مایوس ہے جو سیاسی اتحاداہم فیصلوں کو ٹالنا فن سمجھتا ہو اصلاحات کو بوجھ سمجھتا ہو اور ایک اعلیٰ افسر کی تعیناتی پر متفق نہ ہو سکے وہ عوام کو کیا ڈلیور کرے گا۔گورننس کے فقدان کی وجہ سے ملک اس وقت تشویشناک اقتصادی اور سماجی جمود کا شکار ہے اور عالمی برادری کا اعتماد ختم ہو چکا ہے جس سے سارا نظام زمین بوس ہو رہا ہے۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبات کو مسلسل ٹالا جا رہا ہے جبکہ پالیسی سازوں کو معلوم ہے کہ قلیل مدتی تکلیف طویل مدتی سکون کا سبب بنے گی مگر وہ اسکے لئے تیار نہیں ہیں۔مطالبات ماننے کی صورت میں عوام کو تکلیف برداشت کرنا ہو گی مگر ملک بچ جائے گا اور اگر مطالبات نہ مانے گئے تو زیادہ تکلیف برداشت کرنا ہو گا جبکہ اشرافیہ جو تمام مسائل کی جڑ ہیں پر زرا سا بوجھ بھی ڈالنا خارج از امکان ہے۔ ملکی معیشت کی تباہی میں اشرافیہ نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ ملک میں سیلاب سے بھی تباہی آئی ہے مگر اس سے بڑی تباہی اشرافیہ پروری کے نہ ختم ہونے والے سلسلہ کی وجہ سے آئی ہے۔ ملک کئی دہائیوں سے گورننس کو بھگت رہا ہے جس نے خوشحال ملک کو دیوالیہ کر ڈالا ہے۔ملکی وسائل کو لوٹنے والی اشرافیہ معیشت سمیت کسی بھی شعبہ میں اصلاحات کی سخت مخالف ہے ۔اگر اب بھی اشرافیہ نے مثبت کردار ادا نہیں کیا تو شاید وہ ملک ہی نہ رہے جسے وہ 75 سال سے مسلسل لوٹ رہے ہیں۔

مزیدخبریں