ایل پی جی کی درآمدات :مالی سال کے پہلے 6ماہ میں 13فیصد اضافہ

Jan 24, 2023


اسلام آباد(اے پی پی)ملک میں ایل پی جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالیسے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ایل پی جی کی درآمدات کا حجم 357 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 316 ملین ڈالر تھا۔ دسمبر 2022 میں ایل پی جی کی درآمد پر 68 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف ہوا جو دسمبر 2021 کے مقابلہ میں 2 فیصدزیادہ ہے۔ دسمبر 2021 میں ایل پی جی کی درآمد پر 66 ملین ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ نومبر کے مقابلہ میں دسمبر میں ایل پی جی کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے  6 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 9 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 9.286 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10.18 ارب ڈالر تھا۔

مزیدخبریں