لاہور( کامرس رپورٹر)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے اعلی عدلیہ سے ملک کی موجودہ نازک معاشی صورتحال پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ،اگر ملک حقیقت میں ڈیفالٹ کی طرف بڑھ رہا ہے تو اس پر فوری اعلیٰ سطحی کمشن بنانا چاہیے اور اگر ایسا نہیں ہے تو منفی بیان بازی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے '' پاکستان کی معیشت پر منفی بیان بازی اور افواہیں کے اثرات '' کے موضوع پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر قاری زوہیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدر واصف علی اویس،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف االرحمن زبیری،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن،صدیق بٹ،محمد شفیق راجپوت ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جس طرح کی تصویر کشی کی جارہی ہے غیر ملکی سرمایہ کار تو درکنار مقامی سرمایہ کاری بھی پیسہ لگانے کیلئے تیار نہیں۔ جن شعبوں میں کروڑوں اور اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے وہاں بھی تذبذب کی صورتحال ہے اور ان شعبوں کو روز مرہ کے لئے جو سرمایہ کاری درکار ہے اس سے بھی ہاتھ کھینچ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے اعدادوشمار کے حوالے سے الگ سے خود مختار سیکرٹریٹ ہونا چاہیے جس میں سرکاری افسران کے ساتھ پرائیویٹ سیکٹر سے بھی ماہرین کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ اصل حقائق قوم تک پہنچ سکیں۔