حافظ آباد : چوہوں اور کتوں کی بھرمار، میونسپل کارپوریشن حکام تماشائی 

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) شہر میں چوہوں اور کتوں کی بھرمار ہو گئی‘ لیکن میونسپل کارپوریشن حکام اور سرکاری ادارہ اُن کا قلع قمع کرنے کیلئے کارروائی کیلئے تیار نہیں۔ شہریوں کے مطابق ڈاکخانہ روڈ، محلہ ڈہاب والہ، محلہ اختر ٹائون، مین بازار، گڑھی اعوان، محلہ بہاولپورہ، حاکم کالونی، محلہ عبدالستار سمیت شہر کے گنجان اور کارروباری علاقوں، تنگ و تاریک گلیوں اور محلوں کی حالت اور بھی ابتر ہے، جہاں چوہوں اور کتوں کے ساتھ ساتھ گندگی کا بھی راج ہے۔ چند سال قبل شہر کے مختلف علاقوں میں کوڑے کیلئے رکھے گئے کنٹینرز/ڈرم بھی غائب ہو چکے ہیں۔ کھلے عام کوڑا پڑے رہنے سے چوہوں کی   تعداد بھی بے انتہا بڑھ گئی جس سے طاعون جیسی خطرناک بیماری پھیلنے کا بھی اندیشہ ہے۔ یہی حال آوارہ کتوں کا بھی ہے۔شہر بھر میں رات کو کتوں کے غول کے غول گھوم رہے ہوتے ہیں۔ جو ہر آنے جانے والے کو کاٹ رہے ہیں لیکن اُن کیخلاف کوئی آپریشن کلین اپ نہیں کیا جا رہا ۔ شہر بھرمیں پھینکے جانے والے کچرے میں چوہے اور آوارہ کتے پل رہے ہیں۔ علاقے کے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کتے مار مہم کے ذمہ دار محکموں کو آوارہ کتوں کیخلاف ایکشن کی ہدایت جاری کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن