قرآن پاک کی بے حرمتی: اشتعال انگیز اقدام قرار ،انتہا پسندی بڑھے گی:شیخ عبدالعزیز الشیخ

Jan 24, 2023

مکہ مکرمہ (ممتازاحمدبڈانی)سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ اور ممتازعلما بورڈ کے سربراہ شیخ عبدالعزیز ائول الشیخ نے کہا سویڈن میں انتہائی دائیں بازو کے مظاہرین کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام سے انتہا پسندی اور فتنہ انگیزی کی آگ بھڑکے گی۔ مفتی اعظم نے کہا کہ ایک انتہا پسند نے سویڈن کے شہر سٹاکہوم میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل دکھائے ہیں۔ مفتی اعلیٰ نے سویڈن حکام کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت کے خلاف سعودی وزارت خارجہ کے بیان کو بھی سراہا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس قسم کی حرکتوں کی کسی بھی نام یا عنوان سے مدد کرنے والوں کے خلاف ٹھوس اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے۔ مفتی اعظم کے علاوہ سعودی عرب کے ممتاز علماء کرام نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدیدمذمت کی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ممتازعلما بورڈ جنرل سیکریٹریٹ نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ سے مسلمانوں کے جذبات متاثر ہوئے ہیں۔ یہ حرکت تعصب اور نفرت کی علامت ہے۔ اس سے پرامن بقائے باہم اور روا داری کے اس اصول کو کسی طرح کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا جس کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ سعودی علما نے دنیا سے اپیل کی کہ وہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے اقدام کی مذمت کریں۔ نفرت بھڑکانے اور انتہا پسندی کو ہوا دینے والے ایسے واقعات کو روکنے کیلئے قانون سازی کریں۔ 

مزیدخبریں