سویڈن، قرآن پاک کی بیحرمتی مغربی رذیل سوچ کی عکاس ہے:شجاع الدین شیخ 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی مغرب کی رذیل سوچ اور ذہنیت کی عکاس ہے۔ انہو ں نے کہا کہ سویڈن کے دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت کے سربراہ راسموس پالودان کے قرآن پاک کی بے حرمتی کے ناپاک اور و مکروہ فعل نے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کو مذہبی آزادی، رواداری اور اعتدال پسندی کا درس دینے والا مغرب خود اسلام دشمنی میں بدترین قسم کی انتہا پسندی بلکہ اسلاموفوبک دہشت گردی پر اْتر آیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلاموفوبیا اہلِ مغرب کی رگ و پے میں سرایت کر چکا ہے۔ اسی لیے سویڈن کی پولیس بے حرمتی کرنے والے ملعون راسموس پالودان کو روکنے کی بجائے اس کی حفاظت کرتی رہی۔  روزِ اوّل سے دشمنانِ اسلام کی تمام تر کوششوں کے باوجود قرآنِ پاک میں نہ ہی معمولی سا رد و بدل کیا جا سکا اور نہ ہی اس کی عظمت پر کوئی آنچ آسکی جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس کتابِ مقدس کو اللہ تعالیٰ نے خصوصی تحفظ دیا ہوا ہے۔ لہٰذا اس کی توہین کی کوشش کرنے والوں کا مقدر ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہ ہوگا۔ البتہ مسلمان ممالک کو ہر سطح پر اپنے دین کے تحفظ کیلئے سودو زیاں سے بلند ہو کر ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ حقیقت یہ ہے کہ انفرادی سطح پر اسلام سے دوری اور اجتماعی سطح پر اسلامی نظام کا ناپید ہونا اصلاً ان سانحات کے وقوع پذیر ہونے کا باعث بن رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن