بجلی کا طویل ترین بلیک آؤٹ نا اہلی ، بے حسی کی انتہا ہے:خرم نواز گنڈاپور 

Jan 24, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بجلی کا طویل ترین بلیک آؤٹ نا اہلی اور بے حسی کی انتہا ہے۔ نا اہلوں نے پورا ملک اندھیرے میں ڈبو دیا اور عملاً بچی کچھی معیشت کا پہیہ جام کر دیا۔جن ملکوں میں حکمران اہل اور حکومتی ادارے فعال ہوتے ہیں وہاں جنگ کے دوران بھی ایسا بلیک آؤٹ نہیں ہوتا۔طویل ترین بلیک آؤٹ کے دوران وزیر اعظم کو اتنی توفیق نہ ہوئی کہ وہ اس کی وجوہات بیان کر سکیں یا متاثرہ عوام کو تسلی دے سکیں؟۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ طویل ترین بلیک آؤٹ کی وجہ سے ہسپتالوں میں آپریشن نہیں ہو سکے۔لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مریض تڑپتے رہے اور کوئی متبادل انتظام نہیں کیا گیا۔ انٹرنیٹ معطل باہمی رابطے ختم ہو گئے۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ نوٹس لیں اور اس طویل ترین بلیک آؤٹ کی وجوہات معلوم کریں اور نااہلی کہاں تھی عوام کے سامنے آنی چاہیے۔

مزیدخبریں