لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی،اوراق مقدس کو نذرآتش کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہے کہ کفر کی طاغوتی قوتیں اسلامو فوبیا میں مبتلا ہیں انہیں اس فوبیا سے نکالنے کیلئے اقوام عالم کوکردار ادا کرنا چاہئے۔ اسلامو فوبیا کے انسداد کے ذریعہ ہی دنیا میں امن قائم ہوسکتاہے انہوں نے کہا کہ مغربی استعماری قوتیں تواتر کیساتھ مسلم دشمنی میں اسلام،شعائر اسلام، پیغمبر اسلام اور اللہ کی مقدس کتاب قرآن پاک کی توہین اور بے حرمتی کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بن رہی ہیں اورمذہبی اشتعال انگیزی کے ذریعہ اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتی ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کے خلاف تعصب اور انتہا پسندی کی ایسی خلیج پیدا کی جارہی ہے جس سے نفرتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دنیابھر میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے اور ان کی مذہبی آزادی پر قدغن لگائی جارہی ہیں۔ قرآن پاک کی توہین کے دلخراش واقعات کے ذریعے اسلام کو ٹارگیٹ کیا جارہا ہے۔ لہٰذاوزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف،مسلم حکمراں بالخصوص OICکو اس دلخراش واقعہ کافوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افراد کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے تک سویڈش حکومت سے سفارتی تعلقات ختم کرنیکا اعلان کرنا چاہئے۔