لاہور (نیوز رپورٹر) پی ٹی وی ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس چیئرمین احسان اللہ خان کی زیر صدارت لاہور میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ریاض مسعود نے کہا کہ حکومت نے یکم جولائی 2022ء سے تمام محکموں اداروں اور کارپوریشنز کے پنشنروں کی پنشن میں 15 فیصد کا اضافہ کیا تھا لیکن سات ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی پی ٹی وی کے پنشنرز کی پنشن میں ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا جس سے بوڑھے بزرگ پنشنرز مالی مشکلات کا شکار ہیں اور مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا فوری نوٹس لیں اور پی ٹی وی انتظامیہ کو احکامات جاری کریں کہ وہ پی ٹی وی کے تمام پنشنرز کی پنشن میں یکم جولائی 2022ء سے 15 فیصد کا فوری اضافہ کریں تاکہ مہنگائی کے اس دور میں پنشنروں کی مالی مشکلات میں کسی حد تک کمی ہو سکے۔