سوئیڈن میں توہین قرآن کا واقعہ قرآن کی  عظمت کم نہیں کرسکتا، مفتی شاہ عبدالعلیم قادری

Jan 24, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت علیمیہ قادریہ پاکستان کے سربراہ مفتی الشاہ محمدعبدالعلیم قادری ضیائی نے کہاہے کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کو نذرآتش کرنے والاگستاخانہ واقعہ قرآن پاک کی عظمت کو کم نہیں کرسکتا، واقعہ مسلم حکمرانوں کی غیرت وحمیت پر سوالیہ نشان ہے۔ دنیابھر کے ڈیڑھ ارب مسلمان متحد ہوجائیں تو دنیاکی کوئی طاقت اسلامی شعائر کا مذاق اڑانے کی جسارت نہیں کرسکتی۔ یہ باتیں انہوں نے سوئیڈن میں قرآن پاک نذرآتش کرنے کے گستاخانہ واقعے کے خلاف دارالعلوم قادریہ سبحانیہ شاہ فیصل کالونی میں قرآن خوانی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلاموفوبیاکا شکار مغربی معاشرہ اپناقبلہ درست کرلے ،بھونڈی اور مذموم حرکتوں سے غلبہء اسلام کو نہیں روکاجاسکتا۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ اسلامی ممالک کی تنظیم OICاپناکرداراداکرے اور تمام مسلم حکمرانوں سے مشاورت کرکے لائحہء عمل ترتیب دے ۔مسلم حکمران غیرت اسلامی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں احتجاج ریکارڈ کروائیں اور توہین قرآن کے مرتکب سوئیڈش وزیر کو عالمی عدالت سے سزادلوائیں۔

مزیدخبریں