کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی و حق دو کراچی تحریک کے قائد حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر جماعت اسلامی کے نو منتخب یوسی چیئر مین ، وائس چیئر مین اور کونسلرز نے فوری طور پر شہر بھر میں نچلی و مقامی سطح پر رابطہ عوام مہم شروع کر دی ہے ۔ منتخب بلدیاتی نمائندے گلی محلوں میں ، اہم پبلک مقامات پر اور گھر گھر جا کر علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ، ان کے مسائل اور علاقائی سطح پر لوگوں کو درپیش مشکلات و پریشانیوں سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں اور 15جنوری کو جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگا کر اعتماد کا اظہار کرنے اور کامیابی دلوانے پر ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں ۔مختلف علاقوں میں منتخب نمائندوں کو اپنے درمیان دیکھ کر اہل علاقہ نے بڑی خوشی کا اظہار کیا اور ان کا بھر پور خیر مقدم کیا ۔جگہ جگہ لوگوں نے بتایا کہ گلی محلوں میں سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں ، سیوریج کا پانی جمع ہے ، کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، کچرا اُٹھانے کا کوئی موثر انتظام نہیں ہے ، پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے اور سردی کے موسم میں بھی لوگوں کو پانی کی قلت کا سامناہے ، کھیل کے میدانوں کا بُرا حال ہے ، نوجوانوں کے لیے علاقوں اور محلوں میں صحت مند سرگرمیوں کا کوئی بندو بست نہیں ہے ۔ہمارے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے والا کوئی حکومتی نمائندہ موجود نہیں ۔ یوسی چیئر مین ، وائس چیئر مین اور کونسلرز نے شہریوں کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی پر عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پوراُ اتریں گے ، ہم الیکشن سے قبل بھی عوام کے درمیان موجود تھے ، لوگوں کو درپیش بجلی ، پانی ، صفائی ستھرائی ، سڑکوں کی تباہ حالی اور دیگر بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے ہم نے ہر ممکن کوشش کی ہے ، ہمیشہ اہل کراچی کی ترجمانی کی ہے اور کئی سال سے مسلسل حقو ق کراچی تحریک جاری ہے ، ہماری یہ تحریک اور جدو جہد جاری رہے گی ۔ حکومت اور اختیار نہ ہوتے ہوئے ہم نے عوام کی خدمت کی ہے اور ہم آئندہ بھی عوام کے درمیان رہیں گے اور جب حکومت کے اختیارات اور وسائل ملیں گے تو اور زیادہ عوام کی خدمت کریں گے اور تمام تر حکومتی اختیارات و وسائل کو ماضی کی طرح امانت داری کے ساتھ خرچ کریں گے اور اپنی تمام تر صلاحیتوں اور اہلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے مسائل حل کروائیں گے ۔جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے ۔
جماعت اسلامی بلدیاتی نمائندوں کی عوامی رابطہ مہم شروع
Jan 24, 2023